اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ووہان میں 4 پاکستانیوں کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد وہاں موجود پاکستانی طلبہ خوفزدہ ہوگئے ہیں، مقامی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابقچین کے شہر ووہان میں 2 طلبہ نے 4پاکستانیوں کے وائرس سے متاثر ہونے کے بعدجذباتی ویڈیو پیغام جاری کر دیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ اب ہم غیر محفوظ ہو گئے ہیں ۔ خدارا پاکستانی سفارت خانہ ہمیں
جلد از جلد ووہان سے نکالے۔واضح رہے کہ چین میں پھنسے پاکستانی طالبعلموں میں سے چار میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔چین میں کورونا وائرس سے آج مزید 26 افراد ہلاک ہو گئے، جس کے بعد مرنے والوں کی کل تعداد 132 ہو گئی، جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا کا کہنا ہے کہ چین میں چار پاکستانی طلبہ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی، ان طلبہ کے خاندانوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ مریضوں کا علاج کرانے کی ذمہ داری حکومت پر ہے۔ڈاکٹر ظفرمرزا کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ میرا وزارت خارجہ اور چین میں پاکستانی سفارتخانے سے رابطہ ہے، چین میں تمام پاکستانی طلبہ سے پاکستانی سفارتخانے کا عملہ مستقل رابطے میں ہے۔