اسلام آباد (این این آئی)ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے اعلیٰ ترین ریگولیٹری ادارے باہمی تعاون کے لئے میکنزم بنائیں گے ۔ ترجمان نے بتایا کہ اس ضمن میں ایرانی حکومت کے حکام نے 26دسمبر2019ء کو یہاں اسلام آباد میں
ڈریپ کے ہیڈ کواٹرز کا دورہ کیا جس کا مقصد ادویات سازی ، زندگی بچانے والی ادویات اور ویکسینز کی دستیابی کے شعبہ میں باہمی تعاون کے مواقع کو اجاگر کرنا ہے اور ادویات سازی کے آلات اور سرجیکل آئٹمز کی دستیابی میں بھی تعاون کرنا ہے ۔ڈریپ کے چیف ایگزیکٹو افسر عاصم رئوف نے ایرانی وفد کو علاج معالجہ میں استعمال ہونے والی اشیاء کی صنعت کے لئے ضروریات اور گنجائش کے بارے میں بریف کیا ۔ ایرانی وفد نے تعاون کی ممکنہ راہو ں اور شعبوں میں مذاکرات شروع کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کو دستیاب ادویات اور مصنوعات کے حصول کے سلسلہ میں رہنما اصول بنانے میں بھی مدد ملے گی ۔دونوں اطراف نے ریگولیٹری جائزدوں ، تجربات ، تربیت اور تعاون کی گنجائش کے امکانات کا بھی جائزہ لیا تاکہ بین الاقوامی سطح کی ایکریڈٹیشن حاصل کی جا سکے جبکہ ایران فارماسیوٹیکل انسپکشن کے سلسلہ میں تعاون اور سکیم کا پہلے ہی رکن ہے ۔ وفد نے ادویات سازی کے مخصوص خام مال کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا ۔