اسلام آباد(آن لائن)وزارت صحت سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے پاکستان کے انسداد پولیو پروگرام 99 فیصد بچوں کو ویکسین پلانے میں کامیاب ہوگیا۔رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ’ انسداد پولیو مہم اپنے مطلوبہ مقاصد حاصل کررہی ہے اور اس کی کامیابی پولیو وائرس کی لہر کا رخ موڑے گی جس کے نتیجے میں سال 2019 کے
دوران 111 بچے متاثر ہوئے‘۔’ معاشرے کے مختلف حصوں کو ‘ انسداد پولیو مہم کی کامیابی کا کریڈٹ دیتے ہوئے بیان میں مزید کہا گیا کہ ’نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) کے مطابق پولیو وررکرز پاکستان بھر میں 4 روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران3 کروڑ 96 لاکھ بچوں کے طے کردہ ہدف میں سے 3 کروڑ 91 لاکھ بچوں کو ویکسین پلاچکے ہیں جبکہ ابھی بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے دور دراز یونین کونسلز کا ڈیٹا شامل کیا جائے گا۔این ای او سی کے نیشنل کوآرڈینیٹر ڈاکٹر رانا صفدر نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں اب تک ہونے والی پیشرفت سے انہیں بہت حوصلہ ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’ کمیونیٹیز کے ساتھ ہماری مصروفیت اور منفی پروپیگںڈے سے نمٹنے کی کوششوں کے ثمرات ملنا شروع ہوگئے ہیں کیونکہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ والدین اپنے بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کے لیے ذمہ داری سے ویکسین پلارہے ہیں‘۔اس میں مزید کہا گیا کہ کیچ اپ انسداد پولیو مہم کراچی، پشاور، خیبر، کوئٹہ، پشین اور قلعہ عبداللہ کے اہم علاقوں میں جاری ہے اور جن بچوں کو قطرے نہیں پلائے گئے انہیں ویکسین دی جائے گی۔خیال رہے کہ 19 دسمبر کو ملک بھر میں سال کی آخری پولیو مہم دوران ہی پولیو کے مزید 7 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد رواں برس پولیو کا شکار بچوں کی تعداد 111 تک پہنچ گئی تھی۔مہم کے دوران ہی ملک کے تین صوبوں سے مزید کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں سال 2019 میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 111ہو گئی ہے۔