جنیوا ( آن لائن )وزیراعظم عمران خان سے عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ادہانم گیبرے ییسس نے منگل کو جنیوا میں پناہ گزینوں سے متعلق پہلے عالمی فورم کے موقع پراہم ملاقات کی۔ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس نے پولیو وائرس کے خاتمہ کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور اس سلسلے میں عالمی ادارہ صحت کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے
اس حوالے سے کہا کہ ہماری حکومت پاکستانی عوام کو بین الاقوامی معیار کی صحت سہولتوں کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے ڈائریکٹر جنرل کو احساس پروگرام سمیت حکومتی غربت کے خاتمہ کیلئے پروگرام سے بھی آگاہ کیا ۔ذرائع نے اس حوالے سے دعوی کیا کہ ڈی جی ٹیڈروس نے وزیر اعظم عمران کو ان کوششوں میں ڈبلیو ایچ او کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وہ اگلے سال پاکستان کا دورہ کرینگے. اس سے قبل وزیراعظم نے پناہ گزینوں سے متعلق پہلے عالمی فورم کے انعقاد کے موقع پر پاکستان کی طرف سے قائم کئے جانے والے سٹال کا دورہ کیا۔لاکھوں افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کے حوالے سے پاکستان کے کردار، خدمات اور تجربات کو اجاگر کرنے کے لئے پناہ گزینوں سے متعلق پہلے عالمی فورم کے انعقاد کے موقع پر یہاں سٹال قائم کیا گیا۔اس سٹال کے ذریعے 10 لاکھ پناہ گزینوں کو نادرا کی طرف سے رجسٹرڈ کئے جانے سے متعلق پاکستان کے اقدام اور پناہ گزینوں کی میزبانی کے حوالے سے دیگر اقدامات کو اجاگر کیا گیا ہے۔ عمران خان نے اس سلسلے میں پاکستان کے کردار کو اجاگر کرنے کے لئے کی جانے والی کاوشوں اور لاکھوں افغان پناہ گزینوں کی پاکستانی عوام کی طرف سے مثالی مہربانی کو سراہا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سٹال کے قیام سے سٹال کا دورہ کرنے والوں کو پاکستان کی کوششوں اور افغان پناہ گزینوں کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ گلوبل پناہ گزینوں کے عالمی فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سے 2 ایٹمی طاقتوں میں تنازع کا خطرہ ہے، بے بس اور بے وسیلہ مہاجرین کے مسائل کا امیر ملک ادراک نہیں کرسکتے۔ انہوں نے مودی سرکار پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت نے آسام میں متنازعہ شہریت قانون نافذ کر دیا، بھارتی شہری گلیوں میں نکل آئے ہیں۔