اسلام آباد( آن لائن )وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کی ہدایت پر ملک بھر میں جعلی اوران رجسٹرڈ ادویات کے دھندے کے خلاف کریک ڈان جاری ہے جس کے تسلسل میںملک بھر میں ڈرک ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے کاروائیاں کی گئی ہیں۔
وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق حسن ابدال میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ڈریپ کی ٹیم نے پریمیر ایجنسی پر چھاپہ مارا جہاں سے لاکھوں مالیت کی ان رجسٹرڈ ادویات کا سٹاک برآمد ہوا۔چھاپے کے دوران منظور شدہ قیمت سے زائد وصول کرنے پر ادویات کا سٹاک قبضے میں لے لیاہے اسی طرح فیڈرل اور صوبائی ڈرگ انسپکٹرز کی ملتان میں مشترکہ کارروائی سے فیض میڈیسن کو ادویات کی زائد قیمتیں وصول کرنے پر سیل کر دیا ہے اور سٹاک قبضے میں لے لیا ہے۔ترجمان کے مطابق یہاں پر ریووٹرل 5mg کی ڈبی 165 کی بجائے 380 روپے کی فروخت ہو رہی تھی، ریووٹرل 2mg کی ڈبی 240 کی بجائے 580 روپے کی فروخت کی جا رہی تھی۔ایک کارروائی میں فیڈرل ڈرگ انسپکٹر نے پشاور میں چارسدہ روڈ پر غیر قانونی ادویات کا سٹاک قبضے میں لے لیا ہے ۔ اس حوالے سے ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ غیر قانونی ادویات کی فروخت و ترسیل کے ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی اور منظور شدہ ریٹ سے زائد وصولی کسی صورت برداشت نہیں کی جاے گی۔ انہوں نے کہا قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو قانون کے مطابق سخت ترین سزائیں اور بھاری جرمانے کیے جائیں گے۔ ڈاکٹر ظفرمرزا کہا عوام کو معیاری ادویات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہیں ملک کو غیر معیاری جعلی اور ان رجسٹرڈ ادویات سے پاک کیا جائے گا۔