ریاض(این این آئی)لیبیا سے تعلق رکھنے والے دو شیرخوار بچے جن کے دھڑ ایک دوسرے کے ساتھ جْڑے ہوئے تھے کو سعودی عرب میں 13 گھنٹے کے طویل اور پیچیدہ آپریشن میں کامیابی سے الگ کردیا گیا ہے۔ دونوں بچوں کی حالت اب بہتر ہے اور وہ تیزی کیساتھ تندرست ہو رہے ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کے ماہر سرجن ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالعزیز الربیعہ اور ان کی ٹیم نے منگل کے روز لیبیا کے بچوں کے معائنے کی تکمیل کے بعد ان کی سرجری کا فیصلہ کیا تھا۔ احمد اور محمد کے جسم کو ایک دوسرے سے الگ
کرنے کے لیے طویل آپریشن کی ضرورت تھی۔ بدھ کے روز شروع ہونے والا یہ آپریشن 13 گھنٹے جاری رہا۔ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے بچوں کی پیدائش کی شرح بہت کم ہے۔ ایسے کیسز کے علاج کے لیے بہت زیادہ مہارت کی ضرورت ہے۔ بچوں کی سرجری کا عمل 11 مراحل میں مکمل ہوا۔ سعودی عرب میں گذشتہ تین عشروں کے دوران یہ اپنی نوعیت کا 48 واں کامیاب آپریشن ہے۔لیبیا سے تعلق رکھنے والے بچوں کے علاج کے لیے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے خصوصی ہدایات جاری کی تھیں۔