کراچی(این این آئی) مسلسل دو سال سے دنیا کی سب سے بڑی مشروبات بنانے والی کمپنی کوکا کولا کا شمار دنیا میں سب سے زیادہ پلاسٹک آلودگی پھیلانے والوں میں پہلے نمبر پر ہورہا ہے۔ترکی میڈیا کے مطابق بین الاقوامی ماحولیاتی تنظیم گرین پیس نے پلاسٹک سے
نجات مہم کے دوران 51 ممالک سے 484 صفائی کے کاموں میں کل 4 لاکھ 76 ہزار 423 ٹکڑے پلاسٹک کا کوڑا جمع کرنے کا اعلان کیا۔گرین پیس کی رپورٹ میں دنیا کے مختلف گوشوں سے جمع کئے گئے پلاسٹک کے نمونوں کے تجزئے کے بعد سب سے زیادہ پلاسٹک آلودگی پھیلانے والی کمپنیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق 200 سے زائد ممالک اور علاقوں میں 500 سے زائد مارکس کے ساتھ دنیا کی سب سے بڑی مشروبات کمپنی کوکا کولا 11 ہزار 732 پلاسٹک کچرے کے ساتھ دنیا میں سب سے زیادہ پلاسٹک آلودگی پھیلانے والوں میں پہلے نمبر پر ہے۔کوکا کولا کے بعد پیپسی کولا دوسرے اور نیسلے تیسرے نمبر پر ہیں۔پلاسٹک آلودگی پھیلانے والے پہلے 10 نمبروں میں ترتیب کے ساتھ موڈیلیز انٹرنیشنل، یونی لیور، مارس، P&G، کولگیٹ، پالم آلیو، فلپ موریس، پرفیٹی موریس اور وان میلے کمپنیاں شامل ہیں۔رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ متعدد کمپنیوں نے اپنی مصنوعات کو طویل العمر بنانے کے وعدے کئے ہیں لیکن ان کمپنیوں نے کام کے ماڈلز میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں نہ کرکے ماحول کو مذکورہ پلاسٹک آلودگی کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔مزید کہا گیا ہے کہ اوقیانوس میں سب سے زیادہ پلاسٹک چین، فلپائن، انڈونیشیا، سری لنکا اور ویتنام سے پھینکا گیا ہے۔ ایشیا میں اس پلاسٹک آلودگی کی محرک قوتیں اصل میں یورپ اور امریکا کی بین الاقوامی کمپنیاں ہیں۔