لاہور(این این آئی) صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن شاہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت خصوصی افراد کی دیکھ بھال، بحالی اور علاج معالجے کو خصوصی اہمیت دیتی ہے اور صحت انصاف کارڈز کے اجراء کے اقدام سے خصوصی افراد اور ان کے اہل خانہ کو بہت سہولت ملے گی جوکہ پنجاب حکومت کا منفرد اقدام ہے اور حکومت آئندہ بھی خصوصی افراد کی بحالی کیلئے مزید اسی طرح کے اقدامات کرے گی، اس سلسلے میں پنجاب حکومت نے خصوصی افراد کو صحت انصاف کارڈز
دینے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے متعلقہ ا داروں کو ہدایت کی ہے کہ صوبہ بھرمیں خصوصی افراد کا ڈیٹا مرتب کیا جائے تاکہ خصوصی افراد کو صحت انصاف کارڈز کے اجراء کے حوالے سے اقدامات کئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈز کے ذریعے خصوصی افراد اور ان کے اہل خانہ 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک ہسپتال سے علاج معالجے کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کی صحت کے حوالے سے ضروریات بھی مختلف ہوتی ہیں۔