لاہور(این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی سیاسی تقرریوں کے خلاف درخواست پر سیکرٹری صحت پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا جبکہ عدالتی فیصلے تک ہسپتالوں میں ایم ایس لگانے پر پابندی لگانے کی استدعا مسترد کر دی ۔ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس امیر بھٹی نے شہری محمد احسان کی درخواست پر سماعت کی ۔درخواست میں صوبائی حکومت اور سیکرٹری صحت پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے ۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں
ایم ایس کی پوسٹ گریڈ 20کی ہے مگر زیادہ تر ہسپتالوں میں گریڈ 19کے ایم ایس لگائے جا رہے ہیں ۔ایم ایس کی تقرریاں محکمہ کا بورڈ کرتا ہے لیکن ہیلتھ کیئر کمیشن نے سیاسی بنیادوں پر گریڈ 19کے ڈاکٹروں کو ایم ایس لگانا شروع کر دیا ہے ۔لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ تاحکم ثانی ایم ایس کی تقرریوں کو روکا جائے ۔عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کی عدالتی فیصلے تک ہسپتالوں میں ایم ایس لگانے پر پابندی عائد کی استدعا مسترد کردی اور درخواست پر سیکرٹری صحت پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ۔