کوئٹہ(این این آئی)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کو بہترین علاج معالجے کی فراہمی کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور اس سلسلے میں ہر ضلع کے ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ڈائیلائسسیز کی سہولت کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔
گردوں کے امراض کے عالمی دن کے موقع پراپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ دنیا میں اس وقت 850ملین لوگ گردوں کے مختلف امراض میں مبتلا ہیں، گردوں کی بیماری سے ہر سال 2.4ملین لوگ موت کا شکار ہوجاتے ہیں اور اس میں ہر سال تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین کے مطابق بلوچستان میں 60فیصد لوگ گردوں کے مختلف امراض میں مبتلا ہیں۔پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی،گوشت، غیر معیاری مشروبات، نمک کا زیادہ استعمال گردوں کے ا مراض کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ماہرین کے مطابق معیاری خوراک، صاف پانی کا زیادہ استعمال اور ورزش گردوں کے ا مراض سے بچا سکتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں میں گردوں کے امراض میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، جس کا ایک اہم سبب لوگوں میں شعور کی کمی ہے لہٰذا متعلقہ حکومتی اور غیرسرکاری ادارے گردوں کے امراض سے محفوظ رہنے کے لئے عوام میں شعور وآگاہی پیدا کرنے کے لئے آگے آئیں، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنارہی ہے جس سے بڑی حد تک گردوں کے امراض میں کمی آئے گی۔