قاہرہ(این این آئی)مصرمیں تمباکو نوشی سے نجات پانے میں مدد کے لیے پہلی بار اسپتال مختص کیا گیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق مصری وزارت صحت کی طرف سے جاری ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ العباسیہ اسپتال کو نشے کی لعنت سے علاج کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
مصرمیں تمباکو نوشی میں سے چھٹکارے کے لیے مختص ڈسپنسری کے امور کے عہدیدار ڈاکٹر احمد رمزی نے کہاکہ تمباکو نوشی ملک میں تیزی کے ساتھ پھیلنے والی لعنت بن چکی ہے جس میں بڑوں کے ساتھ اب بچے بھی شامل ہیں۔ تمباکو نوشی کے نتیجے میں خطرناک اور جان لیوا امراض جنم لے رہی ہیں۔ اس لیے اس لعنت سے نجات میں مدد فراہم کرنے کے لیے اسپتال مختص کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں تمباکو نوشی سے نجات دلانے کے لیے یہ اپنی نوعیت کا پہلا اسپتال ہے۔ اسپتال کے قیام کے بعد عوام میں اسے غیرمعمولی پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور لوگ بڑی تعداد میں نشے سے نجات پانے میں مدد کے حصول کے لیے اسپتال سے رجوع کررہے ہیں۔ڈاکٹر الرمزی کا کہنا تھا کہ سگریٹ نوشی ترک کرنے کے دو سال کے بعد اس کے مضر اثرات سے کینسر کے لاحق ہونے کے خطرات 50 فی صد کم ہوجاتے ہیں۔خون میں نیکوٹین کی مقدار کم ہوتی اور مرض سے تین ماہ کے اندر اندر صحت یابی ممکن ہوجاتی ہے۔