لاہور(این این آئی) صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہا ہے کہ نوجوان نسل کیلئے میڈکل فیلڈ میں آکرخدمت خلق کرنے کا سنہری موقع ہے۔ نوجوان ڈاکٹرز ہسپتالوں میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی دستیابی میں اہم کردار ادا کریں۔ صوبائی وزیر صحت پنجاب نے
کونٹینینٹل میڈیکل کالج بھوبتیاں چوک میں سالانہ تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر کونٹینینٹل میڈیکل کالج کے تمام فیکلٹی ممبران و طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدنے کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انٹرنیشنل فاؤنڈیشن آف میڈیکل سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے نوجوان ڈاکٹرز میں ہسپتالوں میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا جذبہ پیدا کرنے کیلئے کانفرنس کا انعقاد اہم قدم ہے۔پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں مریضوں کی بہترین دیکھ بھال کیلئے نوجوان ڈاکٹرز کے ریفریشر کورسز شروع کئے جائیں گے۔ ہسپتالوں میں مریضوں کے بغیر کسی مشکل کے علاج معالجہ میں نوجوان ڈاکٹرز کو مکمل وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں۔ نوجوان ڈاکٹرز ہسپتالوں میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرکے باقی ڈاکٹرز کیلئے مثال بنیں۔نوجوان ڈاکٹرز کے مسائل حل کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔