اسلام آباد (آن لائن) ملک بھر میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ تک پہنچ گئی ۔وزرات صحت نے ایوان میں رپورٹ جمع کرائی، جس میں انکشاف کیا گیا کہ وزارت صحت کے پاس ایک لاکھ 24 ہزار سے زائد مریضوں کا ریکارڈ ہی نہیں ہے۔رپورٹ کے مطابق پنجاب میں سات ہزار 119، وفاق میں 12 سو 49 ، سندھ میں 41 سو 49، خیبر پختونخوا (کے پی) میں 23 سو 70 اور صوبہ بلوچستان میں پانچ سو 13 ایڈز کے مریض زیرعلاج ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد تقریباً
ایک لاکھ 50 ہزار ہے تاہم 2018 تک پاکستان میں رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 25 ہزار 220 تھی۔رپورٹ کے مطابق صوبہ پنجاب میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے تاہم وہاں گیارہ ہزار 396 مریض رجسٹرڈ ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایڈز کے رجسٹرڈ مریضوں میں صوبہ سندھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ وہاں آٹھ ہزار 70 مریضوں کا ریکاڑد موجود ہے۔ اسی طرح بلوچستان میں 768 ایڈز کے مریض رجسٹرڈ ہیں۔رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 15 ہزار 390 ایڈز کے مریضوں کو علاج کی ضرورت ہے۔