لاہور (آن لائن) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مشروبات بنانے والی تمام کمپنیوں کو اپنی مصنوعات پر انرجی ڈرنک کا لفظ استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے اور ہدایات جاری کی ہیں کہ یکم جنوری 2019ء سے ڈرنک تیار کرنے والی کمپنیاں اپنی مصنوعات پر انرجی کا لفظ تحریر نہیں کر سکیں گی۔ ہدایات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فلیور ڈرنک تیار کرنے والی کمپنیاں اپنی مصنوعات پر اس بات کو بھی تحریر کریں گی کہ بارہ سال سے کم عمر کے بچوں کے لئے مذکورہ، ڈرنکس استعمال کرنا منع ہے۔
اس سلسلے میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے اپنی تمام آپریشنل ٹیموں کو مراسلے جاری کر دیئے ہیں اور خبردار کیا ہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی ڈرنکنک مصنوعات پر انرجی کا لفظ استعمال کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کریں گی۔ اس حوالے سے پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مذکورہ ڈرنک انرجی کے زمرے میں نہیں آتے۔ کمپنیاں انرجی کا لفظ استعمال کر کے عوام کو بے وقوف بنا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ پی ایف اے نے ان کمپنیوں کو انرجی کا لفظ ختم کرنے کے لئے 31 دسمبر تک کی مہلت دے رکھی تھی۔