امریکا(مانیٹرنگ ڈیسک) دل کی صحت کے لیے فائدہ مند غذا توند سے نجات کے لیے بھی بہترین ثابت ہوتی ہے۔ یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ کیلیفورنیا پولی ٹیکنیک اسٹیٹ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ فائبر سے بھرپور اور کم چربی والی غذا نہ صرف دل کو مضبوط بناتی ہے بلکہ توند کی چربی کو بھی گھلاتی ہے۔ فائبر سے بھرپور غذائیں امراض سے پاک
زندگی کی کنجی تحقیق میں بتایا گیا کہ توند کی چربی گھلانے کے لیے کوئی جادوئی غذا یا جز نہیں، تاہم دل کے لیے فائدہ مند فائبر سے بھرپور غذا اس حوالے سے مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ آج کے دور میں غذا عام طور پر ٹرانس اور سچورٹیڈ فیٹس سے بھرپور ہوتی ہے جو کہ شریانوں کے بند ہونے کا خطرہ بڑھاتی ہیں جبکہ توند اور جسمانی وزن بھی بڑھتا ہے۔ توند کا نکلنا بھی خون کی شریانوں سے جڑے امراض جیسے ہارٹ اٹیک یا فالج، ذیابیطس اور میٹابولک سینڈروم کا خطرہ بڑھاتا ہے، جس کی وجہ شکم کے مسلز کے نیچے چربی کا ذخیرہ ہونا ہوتا ہے۔ محققین کا کہنا تھا کہ لوگوں کے اندر توند نکلنے کی مانیٹرنگ کی حوصلہ افزائی کرنا چاہئے تاکہ امراض کے خطرے کو کم کیا جاسکے۔ اس تحقیق کے نتائج جریدے ہیلتھ اینڈ فٹنس جرنل میں شائع ہوئے۔ درج ذیل میں فائبر سے بھرپور ایسی غذاﺅں کے بارے میں جانیں جو کہ دل کی صحت بہتر کرنے کے ساتھ توند سے بھی نجات دلاسکتی ہیں۔ جو کا دلیہ دلیہ میں فائبر کی ایسی قسم پائی جاتی ہے جو کہ پتے میں موجود بائل ایسڈز کو کنٹرول میں رکھ کر جسم سے خارج کرتی ہے۔ یہ بائل ایسڈز کولیسٹرول سے بنتے ہیں۔ ناشتے میں دلیہ کھانے کی عادت جسم کے اندر کولیسٹرول کی سطح کم کرنے میں مدد دیتا ہے جبکہ توند سے بھی نجات ملتی ہے۔ گریاں بادام، اخروٹ، پستہ اور کاجو وغیرہ میں ایسے فیٹ ہوتے ہیں جو کہ دل کے لیے اچھے ہوتے ہیں اور شریانوں کا ورم بھی کم کرتے ہیں، اسی طرح بادام کو کھانا توند سے نجات دلانے میں بھی مدد دیتا ہے۔ دالیں دالیں دل کے لیے بہت فائدہ مند ہیں جبکہ ان میں اینٹی آکسائیڈنٹس، پروٹین اور فائبر کی مقدار بھی کافی زیادہ ہوتی ہے۔ فائبر ایسا جز ہے جو ہضم ہونے میں زیادہ وقت لیتا ہے جس کے نتیجے میں پیٹ زیادہ دیر تک بھرا رہتا ہے اور جنک فوڈ کھانے کی عادت پر قابو پانا ممکن ہوتا ہے، جس سے توند سے نجات میں مدد ملتی ہے بیریز اسٹرابیری ہو یا بلیو بیری، ہر قسم کی بیری میں دل کی صحت کے لیے فائدہ اجزاءجیسے فائبر موجود ہوتے ہیں، ان کا استعمال موٹاپے سے نجات میں بھی مدد دیتا ہے۔