اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اولاد کی خواہش ہر مرد اور عورت کو ہوتی ہے مگر چند ایسی چیزیں ہیں جو آپ کی اس خواہش کو ملیا میٹ کر سکتی ہیں۔ امریکی ماہرین کے ایک سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ جو لوگ روزانہ کی بنیاد پر میٹھے سوڈے کے مشروبات استعمال کرتے ہیں ان میں والد بننے کی صلاحیت کم ہوجاتی ہے اور خواتین میں بھی حمل ٹھہرنے کا امکان معدوم ہوتا جاتا ہے۔
امریکی ماہرین کا یہ سروے تحقیقی سائنس جرنل’’ایپیڈ یمیو لوجی‘‘کے تازہ شمارے میں سامنے آیا ہے۔ تحقیق میں ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ مرد اور خواتین کا طرز زندگی اور استعمال کی جانے والی غذا ان کے والدین بننے پر اثرانداز ہوتی ہیں۔ ماہرین نے اپنی تحقیق اور سروے امریکی مرد و خواتین پر کئے ہیں جس کے بعد وہ اس نتیجے پر پہنچے کہ سا فٹ ڈرنکس کا اندھا دھند استعمال امریکیوں کا وزن بڑھا رہا ہے اور ذیابیطس کی وجہ بھی بن رہا ہے جبکہ اس سے قبل کئی تحقیقات میں یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ سافٹ ڈرنکس خواتین میں ماہانہ ایام کی بے قاعدگی کے علاوہ مردوں کے اسپرم کو شدید متاثر کررہی ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل بوسٹن یونیورسٹی اسکول آف پبلک ہیلتھ کے سائنس دانوں نےبھی اپنی تحقیق میں یہی نتیجہ اخذ کیا تھا کہ سافٹ ڈرنکس انسانوں کی افزائش نسل میں شدید متاثر کن کردار ادا کر رہے ہیں، بوسٹن یونیورسٹی کے ماہرین نے سروے کے آخر میں ڈیٹا کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ خواہ مرد ہو یا عورت اگر وہ سافٹ ڈرنک کی زائد مقدار پیتے ہیں تو ماہانہ بنیادوں پر ان کے والدین بننے کا امکان 20 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔جن خواتین نے روزانہ ایک گلاس سافٹ ڈرنک پی ان میں ماہانہ بنیادوں پر حمل ٹھہرنے کا امکان 25 فیصد تک کم نوٹ کیا گیا۔ جبکہ مردوں میں یہ شرح 33 فیصد تک نوٹ کی گئی۔ جن خواتین و حضرات نے سافٹ ڈرنک استعمال نہیں کی ان میں یہ شرح کم دیکھی گئی۔