لاہور(آئی این پی) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صوبے میں فروخت ہونے والے ایسے تمام انرجی ڈرنکس پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ‘ جن میں ٹارین اور کیفین پائی جاتی ہے جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نور الامین مینگل پرامید ہیں کہ اس معاملے پر انہیں رواں ہفتے ہی وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی جانب سے منظوری مل جائے گی اور ایک ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے پابندی عائد کر دی جائے گی پنجاب فوڈ اتھارٹی کے حکام کے مطابق انرجی ڈرنکس کے انسانی صحت پر مضر اثرات پر وسیع تحقیق کیلئے ایک پینل تشکیل دیا گیا تھا جس نے انہیں انتہائی مضر صحت قرار دیا ہے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کے حکام کے مطابق تحقیق کے نتائج کو مدنظر رکھتے ہوئے ان انرجی ڈرنکس کی فروخت پر پابندی لگانے پر غور شروع کیا گیا ہے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ صحت کے خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے اگلے چار ہفتوں کے دوران صوبے بھر میں فروخت ہونے والے تمام انرجی ڈرنکس پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور یہ پابندی اس وقت تک عائد رہے گی جب تک ان کے محفوظ ہونے سے متعلق رپورٹ نہیں آتی۔