پیرس (مانیٹرنگ ڈیسک ) یورپ کے اہم ترین ممالک فرانس ،سپین اوربرطانیہ میں وبائی مرض انفلونزاکے پھیلنے سے بحرانی صورتحال پیداہوگئی ہے ۔فرانس میں انفلونزاکے پھیلائونے ہسپتالوں میں بڑابحران پیداکردیاہے ۔غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق گزشتہ سال کے نومبرسے اب تک فرانس کے مختلف ہسپتالوں میں اس وقت تک انفلونزاکے 52 مریض جان کی بازی ہارگئے ہیں ۔اس ہنگامی صورتحال کے تحت فرانس کے 220 ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذکردی گئی ہے اورانفلونزاکے مریضوں کےلئے خصوصی ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں ۔
فرانسیسی وزیرصحت میری سیل تورین نے انفلونزاکی وباپھوٹنے کے بعد کہاہے کہ ہماری حکومت اس بیماری سے نمٹنے کےلئے ہروقت تیارہے اورجلدہی اس وبائی مرض پرقابوپالیاجائے گا۔دوسری طرف برطانیہ میں بھی انفلونزاکے پھیلائوکی وجہ سے کئی مریض ہسپتالوں میں داخل کئے جاچکے ہیں جس کی وجہ سے برطانیہ کانیشنل ہیلتھ نیٹ ورک بحران کاشکارہوگیاہے ۔برطانیہ نے اس مرض کے شکارافراد کےلئے 20 سے زائد ہسپتالوں میں علاج کرنے کااعلان کیا تھالیکن اب ان ہسپتالوں میں انفلونزاکے مریضوں کی لاتعداد آمد کی وجہ سے مزید مریض داخل کرنے کی گنجائش ختم ہوگئی ہے ۔انفلونزاکی وباکے پیش نظرریڈکراس کمیٹی اوردوسرے ایمرجنسی اداروں نے بھی برطانیہ میں ہنگامی صورتحال نافذکرنے کااعلان کردیاہے ۔
انفلونزاکی وبانے سپین کوبھی لپیٹ میں لے رکھاہے اوراب تک 19 مریض اس وباکی وجہ سے مرچکے ہیں ۔انفلونزاکی وجہ سے یونان کامحکمہ صحت دیوالیہ ہوگیاہے اوروہاں پرتودوائوں اورڈاکٹروں کی شدید قلت پیداہوگئی ہے جس پریونان نے دیگریورپی ممالک سے اس وباپرقابوپانے کےلئے مددطلب کرلی ہے ۔