برمنگھم(نیوزڈیسک) ماہرین نباتات کے مطابق کڑوے باداموں میں زہر موجود ہوتا ہے جو زیادہ مقدار میں انسانی جسم کیلئے خطرناک ثابت ہوتا ہے۔ ایک اور مزےد دار پھل سیب کے بیجوں کے متعلق بھی یہ سوال عام سننے میں آتا ہے کہ اس کے بیجوں میں زہر ہوتا ہے یا نہیں۔
ماہرین کے مطابق سیب اور بادام کا تعلق پودوں کی ایک ہی فیملی سے ہے اور سیب کے بیج میں بھی سایانائیڈ زہر ہوتا ہے۔ یہ زہر اول تو بہت معمولی مقدار میں ہوتا ہے اور دوئم یہ کہ بیج پر سخت چھلکا موجود ہوتا ہے جو انسانی جسم کو زہر سے بچاتا ہے۔ اگر آپ سیب کے بیج ثابت نگل لیں تو یہ جسم کو نقصان پہنچائے بغیر جسم سے خارج ہوجاتے ہیں۔ اگر بیجوں کو اچھی طرح چبالیاجائے تو زہر جسم میں داخل ہوجاتا ہے، لیکن اس کی مقدار اتنی معمولی ہوتی ہے کہ جسم اس زہر کے اثر کو زائل کردیتا ہے۔ماہرین کے مطابق احتیاط کا تقاضہ یہی ہے کہ کڑوے باداموں کی طرح سیب کے بیج کھانے سے بھی پرہیز کیا جائے۔