ٹورینٹو(نیوز ڈیسک) جوتوں میں چپک پٹی ( ویلکرو) کی طرح اب ماہرین نے انسانی دل کے خلیات کو کچھ اس طرح تیار کیا ہے کہ جو چپک کر دل کے مریضوں کے لیے اب ایک زندہ پٹی کا کردار ادا کرسکتے ہیں۔یونیورسٹی آف ٹورانٹو کے طبی تحقیق کے شعبے میں اس کے لیے جالی ( میش) پر انسانی دل کے خلیات رکھے گئے اور انہیں بڑھنے کا موقع دیا گیا۔ اس کے بعد خلیات کی پٹی ایک ٹشو بن کر پرت در پرت تیار ہوئی اور جالی ازخود گھل کر ختم ہوگئی۔ یہ تجربات فی الحال چوہوں پر کئے گئے ہیں جن کے خلیات چار روز میں ایک پٹی کی صورت میں تیار کیے گئے تھے۔ڈاکٹروں کے مطابق اس طرح کی پٹیوں سے دل کے دورے سے متاثر ہونے والے مریضوں میں دل کے مردہ حصوں کو درست کرنے اور دل میں سوراخ والے افراد کا علاج ممکن ہوسکے گا۔یونیورسٹی آف ٹورانٹو کے طبی تحقیق کے شعبے کی اس اہم پیش رفت کے بعد مختلف طرح کے ٹشوز تیار کئے جاسکتے ہیں اور انہیں دل کی مختلف بیماریوں میں استعمال کیا جاسکتا ہے اور ان خلیات کو ایک چھوٹی ڈش میں رکھ کر پروان چڑھایا جاسکتا ہے اور چوہوں پر ان کے کامیاب تجربات کیے گئے ہیں۔