پشاور(نیوز ڈیسک)خیبر پختو نخوا کے 3بڑے سرکاری اسپتالوں میں نومولود بچوں کو ٹی بی سے بچاو کے ٹیکے تاحال ناپید ہیں، جس سے والدین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق صوبے کے اسپتالوں میں نومولود بچوں کو ٹی بی سے بچانے والے بی سی جی کے ٹیکے ناپید ہیں۔ ڈیڑہ ماہ سے محکمہ صحت خیبر پختو نخوا نے یہ ٹیکے اسپتالوں کو فراہم نہیں کیے۔ یہ ٹیکہ بچے کو پیدائش کے فورا بعد لگایا جاتا ہے اور والدین سرکاری اسپتالوں میں پیدا ہونے والے بچوں کو نجی اسپتالوں سے یہ ٹیکے لگواتے ہیں۔ دوسری جانب ای پی آئی کے ڈپٹی ڈائریکٹر طاہر ندیم نے جیو نیوز کو بتایا کہ ان انجکشنز کی کمی تھی، تاہم اب اسٹاک پہنچ چکا ہے اور بڑے اسپتالوں کے علاوہ تمام مراکز صحت کو انجکشنز کی فراہمی شروع کردی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضرورت کے مطابق اسٹاک تو دستیاب نہیں، تاہم جلد ہی صورتحال پر قابو پالیا جائے گا۔