بیجنگ(نیوزڈیسک) چین کے ایک ٹی وی چینل پر جاری ویڈیو میں ایک مریض دماغ کے آپریشن کےدوران نہ صرف ہاتھ ہلاتا رہا بلکہ ڈاکٹروں سے بات چیت بھی کرتا رہا۔ڈاکٹروں کے مطابق رسولی مریض کے دماغ کے حصے بروکا کے بہت قریب تھی اور دماغ کا یہ حصہ انسانوں میں بولنے میں مدد دیتا ہے۔ ڈاکٹروں نے کا کہنا ہےکہ مریض نے آپریشن کےدوران اس کے ٹیبلٹ پر مختلف تحریروں کو بھی پڑھا اور اس دوران سرجن تیز نشتر سے اس کے دماغ کی رسولی کاٹتے رہے جب کہ مریض سے دوران آپریشن ہی مختلف سوالات بھی کیے گئے جس کے اس نے درست جواب دیئے۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد حساس آپریشن پر مریض کو جگائے رکھنا تھا تاکہ اس کے احساسات پر نظر رکھی جائے اور اس کے دماغ کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کا جائزہ لیا جاسکے۔ ڈاکٹروں کے مطابق مریض کو سرجری کے دوران کوئی تکلیف اور بے چینی محسوس نہیں ہوئی اور وہ ہموار انداز میں باتیں کرتا رہا جب کہ اب اب مریض مکمل طور پر صحتمند ہے۔اس سے قبل ایک اور مریض نے دماغی رسولی جیسے جان لیوا مرض کی سرجری کے دوران گٹار بجاکر دنیا کو حیران کردیا تھا جب کہ دنیا بھر میں اس طرح کے کئی واقعات ہوئے ہیں جب مریض حساس ترین آپریشن میں مکمل ہوش و حواس میں تھے۔