کوئٹہ(نیوزڈیسک)بلوچستان سے منسلک افغان سرحدی علاقوں میں انسداد پولیو مہم کو مزید موثر بنانے کیلئے پاک افغان حکام کی ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ پاکستان اور افغانستان آنے جانے والے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ افغان سرحدی علاقے اسپن بولدک میں ہونےوالی ملاقات میں عالمی ادارہ صحت، یونیسیف اوردیگر بین الاقوامی شراکت دار اداروں کے حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات میں طے کیا گیا کہ ان تمام گاوں اور گھروں میں بھی انسداد پولیو مہم کے انعقاد یقینی بنایا جائے گا جو پاک افغان سنگم پر واقع ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق پاک افغان سرحد پر 7ہزار سے زائد بچے ہر ماہ آتے جاتے ہیں جس میں کئی بچے پولیو کے قطرے پلانے سے رہ جاتے ہیں۔