اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسداد منشیات کا عالمی دن26 جون کو منایا جارہا ہے۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسداد منشیات کا عالمی دن 26جون کو منایا جارہا ہے، جس کا مقصد دنیا بھر میں منشیات کے استعمال کی روک تھام، غیر قانونی تجارت کے خاتمہ اور اس کی تباہ کاریوں کے سلسلہ میں عوام الناس میں شعور و آگہی پیدا کرنا ہے۔ اس دن کے حوالے سے دنیا بھر میں میں سماجی تنظیموں کے زیر اہتمام واکس، مذاکرے اور تقاریب منعقد کی جائیں گی، جس سے خطاب کرتے ہوئے ماہرین منشیات کی اسمگلنگ اس کے استعمال اور اس کی تباہ کاریوں کے متعلق تفصیل سے روشنی ڈالیں گے۔ دنیا بھر کے معاشروں میں برھتی ہوئے منشیات نوشی پر 7دسمبر 1987کو اقوام متحدہ نے اس دن کو ہر سال 26جون کو منانے کا فیصلہ کیا۔ طبی و نفسیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ نئی نسل میں نشہ آور اشیا کے استعمال کا رجحان درحقیقت دولت کی انتہائی فراوانی یا انتہائی غربت، دوستوں کی بری صحبت، جنس مخالف کی بے وفائی، اپنے مقاصد میں ناکامی ،حالات کی بے چینی اور مایوسی، والدین کی بچوں کی طرف سے بے اعتناہی، معاشرتی عدم مساوات ناانصافی، والدین کے گھریلو تنازعات بھی نشہ کے آغاز کے اسباب ہوسکتے ہیں۔ اس دن کے منانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ ایسے اسباب کو دور کیا جائے یا انھیں کم کیا جائے، تاکہ نئی نسل منشیات کی لعنت سے بچ سکے۔