میلبرن(نیوزڈیسک )ماہرین نفسیات کا کہنا ہے کہ اگر آپ دفتر یا گھر میں کام کرتے ہوئے ذہنی تھکن کے باعث اپنی توجہ میں کمی محسوس کریں تو صرف 40 سیکنڈ تک کسی پرفضا اور سرسبز مقام کی تصویر دیکھنے سے بھی ذہنی توجہ اور ارتکاز میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ماہرین کے مطابق سر سبز مقام کی تصویر بھی ذہن پر وہی اثرات مرتب کرتی ہے جس طرح کسی قدرتی منظر میں خود جاکر کوئی شخص تازگی محسوس کرتا ہے۔ ماہرین کی جانب سے تجربہ کیا گیا جس میں طالب علموں کو اکتا دینے والا کام دیا گیا جس کے تھوڑی دیر بعد ایک گروپ کو تھوڑی دیر کے لیے ایک سرسبز منظر دکھایا گیا اور دوسرے گروہ کو کنکریٹ سے بنی چھت کا منظر دیکھنے کو کہا گیا اور جن افراد کو سرسبز منظر دکھایا گیا انہوں نے دوبارہ اپنا کام توجہ اور دلچسپی سے شروع کردیا جب کہ اس کے مقابلے میں دوسرے گروپ کی کارکردگی پر کوئی خاص فرق نہیں پڑا۔آسٹریلوی ماہرین نفسیات اس تجربے کے بعد اس نتیجے پر پہنچے کہ تھوڑی دیر کے لیے سبز منظر کے نظارے کا وقفہ دماغی ارتکاز اور توجہ میں اضافہ کرتا ہے جب کہ اس تجربے کے بعد ماہرین نے مشورہ دیا کہ شہروں اور کام کی جگہ پر منظر میں کسی نہ کسی طرح فطری ماحول پیدا کیا جائے تاکہ کارکنوں میں کام کی صلاحیت بہتر بنائی جاسکے۔ماہرین نے اس تجربے کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دفاتر اور عمارتوں میں سبزے کو جگہ دی جائے کیونکہ اس سے سیکڑوں افراد کی کارکردگی بڑھائی جاسکتی ہے جب کہ دفتر میں کام کے دوران اپنے کمپیوٹر پر فطری مناظر کے وال پیپرز رکھیں اور انہیں گاہے بہ گاہے دیکھتے رہیں۔