اسلام آباد (نیو ز ڈیسک ) کینیڈین سائنسدان نے خون کی کمی کا شکار افراد کے لیے ایسی مچھلی تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس کے استعمال سے خون کی کمی کو دور کیا جاسکتا ہے۔سائنسدان کے مطابق یہ ٹھوس لوہے سے بنی ایک چھوٹی مچھلی ہے جسے پانی ، سوپ یا کھانا تیار کرتے ہوئے 10 منٹ تک اس میں ڈال دیا جائے تو کھانے میں فولاد کی مناسب مقدار شامل ہوجاتی ہے جو غریب اور پسماندہ علاقوں کی خواتین اور خصوصاً بچوں کے خون میں ہیموگلوبن یا فولاد کی کمی دور کرکے انہیں تندرست کرسکتی ہے۔کینیڈین سائنسدان ڈاکٹر کرسٹو فرس چارلس کا کہنا ہےکہ غریب ممالک میں 50 فیصد خواتین خون میں فولاد کی کمی میں مبتلا ہیں اور اس کمی کو دور کرنے کے لیے فولاد کی گولیاں خریدنے کی سکت نہیں رکھتیں لہٰذا اس کا آسان حل یہ ہے کہ پگھلے ہوئے لوہے کو ٹھنڈا کرکے اس کی ڈلی کو پانی ، سوپ اور شوربے میں کم از کم 10 منٹ تک پکانے سے کھانے میں لوہے کی مناسب مقدار شامل ہوجاتی ہے اور اس کے مسلسل استعمال سے کچھ ہی ماہ میں خون میں لوہے کی کمی دور کی جاسکتی ہے۔ڈاکٹر کرسٹوفر چارلس نے یہ کام کمبوڈیا سے شروع کیا کیونکہ 6 برس قبل جب وہ کمبوڈیا گئے تو وہاں کمزور بچوں کی زرد رنگت اور خواتین میں سر درد اور تھکن کی زیادتی دیکھ کر حیران ہوئے جس کے بعد انہیں معلوم ہوا کہ ان کے خون میں فولاد کی کمی ہے جس سے بچوں کی ذہنی نشوونما بھی شدید متاثر ہوتی ہے جب کہ حاملہ خواتین میں ہیموگلوبن کی کمی سے زچگی کے وقت موت بھی واقع ہوسکتی ہے۔کینیڈین سائنسدان کا کہنا ہےکہ لوہے کو مچھلی میں اس لیے ڈھالا گیا ہے کہ کمبوڈیا میں اسے ”خوش بختی“ کی علامت سمجھا جاتا ہے جب کہ وہ کمبوڈیا سے ہی اپنے اس مشن کا آغاز کررہے ہیں۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں