ڈبلن(نیوزڈیسک ) ایک نئی تحقیق کے مطابق بچوں میں نمک کے زائد استعمال سے نہ صرف ان کے بالغ ہونے میں تاخیر ہوتی ہے بلکہ آگے چل کر ان کے تولیدی نظام کو بھی متاثرکرسکتی ہے۔ماہرین کے مطابق بچوں میں مقررہ حد سے تین تا چار گنا زائد نمک کا استعمال ان میں کئی پیچیدہ امراض کی وجہ بن سکتا ہے اور بچے ذہنی تناو¿ کا بھی شکار ہوسکتے ہیں۔ ڈبلن میں یورپین کانگریس آف اینڈو کرائنالوجی میں اپنی نوعیت کی پہلی تحقیق پیش کرتے ہوئے بتایا گیا کہ تجربہ گاہ میں چوہوں کو نمک کی مختلف خوراک دی گئیں اور جب انہیں تین سے چار گنا زائد مقدار میں نمک کھلایا گیا تو ان میں دیر سے بلوغت کے آثار دیکھے گئے لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ جن چوہوں کو نمک بالکل نہیں دیا گیا وہ بھی قدرے تاخیر سے بالغ ہوئے۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ نمک کے زائد استعمال سے تولیدی نظام بھی متاثر ہوتا ہے۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق ایک انسان کو روزانہ پانچ گرام روزانہ نمک استعمال کرنا چاہیے جب کہ فاسٹ فوڈز کی وجہ سے بالخصوص مغربی ممالک کی اکثر آبادی ہر روز زائد مقدار میں نمک کا استعمال کررہی ہے۔