اسلام آباد (نیوز ڈیسک )ترکی کے ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ پودینہ کولیسٹرول کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ ہڈیوں کو مضبوط کرتا ہے۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ جدید تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ پودینے کا مسلسل استعمال انسانی جسم میں کولیسٹرول لیول کو کم کرتا ہے اور اس میں موجود مگنیشیم ہڈیوں کو طاقت دیتا ہے۔ ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ بظاہر ایک معمولی سی سبزی نظر آتی ہے تاہم اس میں بے شمار خوبیاں پائی جاتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پودینے کی پتیوں کا تازہ رس لیموں اور شہید کے ساتھ اسی طرح مقدار میں شامل کر کے استعمال کرنے سے پیٹ کی تمام بیماریوں کو افاقہ ہوتا ہے۔ کھانسی اور زکام کی صورت میں پودینے کا رس کالی مرچ اور کالے نمک کے ساتھ ابال کر استعمال کرنے سے آرام آتا ہے۔ ہچکی کی صورت میں پودینے کی پتیاں چبانے سے ہچکیاں بند ہو جاتی ہیں، گرمیوں میں جی مچلانے اور الٹی آنے کی صورت میں ایک چمچہ خشک پودینے کا پاﺅڈر میں الائچی کا پاﺅڈر ایک گلاس پانی میں ابال کر استعمال کرنے سے طبعیت بحال ہو جاتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سر درد کی صورت میں پودینے کے پتوں کا لیپ بنا کر ماتھے پر لگانے سے آرام ملتا ہے۔