نیویارک (نیوز ڈیسک )ہیمو فیلیا خون کی بیماریوں کی ایک ایسی قسم ہے جس میں انسان کے جسم سے خون بہنا شروع ہوجاتا ہے اور پھر کسی بھی طور رکتا نہیں۔ اس مرض کے مریضوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے، جس کے حوالے سے آج پوری دنیا میں شعور اجاگر کرنے کا دن منایا جارہا ہے۔ وقت گذرنے کے ساتھ خون سے متعلق بیماریوں میں سے جو جو دریافت ہوئیں، ان میں سے ایک ہیموفیلیا بھی ہے، جس میں مبتلا مریضوں کو چوٹ لگ جائے تو ان کا خون نہیں رکتا اور انہیں زندہ رہنے کے لئے خون سے لئے گئے، پلازمہ کے لگانے کی ضرورت پڑتی ہے۔ ماہرین صحت کہتے ہیں کہ اس بیماری کے متاثرین میں ایسے پروٹین کی کمی واقع ہوجاتی ہے، جو خون جمانے کے عمل میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، جس کی وجہ سے مرض میں مبتلا افراد کو معمولی چوٹ یا زخم لگ جانے کی صورت میں خون بہنے لگتا ہے اور وہ مسلسل جاری رہتا ہے۔ ماہرین کے پاس دستیاب ریکارڈ کے مطابق ہیموفیلیا کے دنیا بھرمیں مریضوں کی تعداد چار لاکھ، پاکستان میں 18 ہزار، جبکہ خیبرپختونخوا میں چھ سو سے زائد ہے۔ ہیموفیلیا کا تعلق بھی ان بیماریوں سے ہے جو لوگوں میں شعور کی کمی کی وجہ سے لگ جاتی ہیں، اس لیے ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ اگر وہ علاج نہیں بھی دے رہی تو شعور دینے کا کام ضرور کریں۔