ممبئی (نیوز ڈیسک) بادام کو یادداشت، ذہنی امراض ، جلد اور بالوں کیلئے بے حد مفید سمجھا جاتا ہے اور اسی وجہ سے تقریباً ہر عمر کا فرد ہی بادام کو کھانا پسند کرتا ہے تاہم اب ماہرین نے تحقیق کی روشنی میں دعویٰ کیا ہے کہ اگر بادام کے فوائد سے فائدہ اٹھانا ہے تو ایسے میں ضروری ہے کہ انہیں بھگو کے کھایا جائے، دوسری صورت میں انہیں کھانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔تحقیق کے مطابق بادام کے اوپر موجود گہرے خاکی رنگ کے اس چھلکے میں ٹینن موجود ہوتا ہے جو کہ اس میوے میں موجود ضروری غذائی اجزاء کی جسم میں جذب ہونے کی صلاحیت کو ختم کردیتا ہے۔ جب انہیں بھگو کے اس پر موجود یہ پتلا چھلکا اتار دیا جاتا ہے تو اس میں موجود غذائی اجزا کے جسم میں جذب ہونے کی مقدار بڑھ جاتی ہے۔ اس میں موجود انزائم لائیپیز اس میں موجود چکنائی کو بھی قابل ہضم بنا دیتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ انزائم جسم میں موجود چکنائی کو بھی ختم کرنے میں معاونت کرتا ہے۔ بادام میں موجود چکنائی کی یہ خوبی ہوتی ہے کہ یہ بھوک ختم کرتی ہے اور پیٹ بھرا ہونے کا احساس پیدا کرتی ہے، اس طرح غذا کی مقدار خود بخود ہی کم ہوجاتی ہے۔ بادام کو جب بھگویا جاتا ہے تو یہ اینٹی آکسیڈنٹ کا بھی ایک بہترین ذریعہ بن جاتا ہے۔ اس کے علاوہ اس میں موجود وٹامن بی17اور فولک ایسڈ کی موجودگی اسے کینسر کیخلاف مزاحمت کار بھی بنا دیتی ہے۔