لاس اینجلس (نیوز ڈیسک) شاندار خوبصورت اور مہنگے ہیڈ فونز کانوں پر لگائے میوزک سنتے نوجوان اب عام دیکھنے کو ملتے ہیں لیکن یقیناً یہ نوجوان ان نقصانات سے واقف نہیں ہیں جو کانوں کو ڈھانپنے والے ہیڈ فونز ہمیں پہنچاسکتے ہیں۔سمپل ایڈوائزری بورڈ کی رکن اور معروف ماہر جلد ڈاکٹر ڈیبرا لفٹمن کہتی ہیں کہ کانوں کو مکمل طور پر ڈھانپنے والے بڑے بڑے ہیڈ فونز کا بکثرت استعمال ان میں جلدی بیماریاں پھیلانے والے بیکٹیریا جمع کرنے کا سبب بنتا ہے جس کی وجہ سے خارش، دانوں اور کان کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ خصوصاً ورزش یا واک کے دوران کان ڈھانپنے والے ہیڈ فونز پہننا زیادہ نقصان دہ ہے کیونکہ پسینے کی وجہ سے ان میں نمی جمع ہوجاتی ہے جو جراثیموں کی پرورش کے لئے بہترین ماحول فراہم کرتی ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ اگرچہ آپ کو اپنے فینسی ہیڈ فون سے بہت محبت ہوسکتی ہے لیکن یہ آپ کی صحت کے لئے اچھے نہیں ہیں۔ کانوں کو مکمل طور پر ڈھانپنے والے ہیڈ فونز سے بہرصورت اجتناب کریں اور ان کی بجائے چھوٹے ہیڈ فونز کا استعمال کریں جوکان کو ڈھانپتے نہیں ہیں اور نمی اور جراثیموں کا باعث نہیں بنتے۔ اگر آپ بڑے ہیڈ فونز استعمال کرنے پر مجبور ہیں تو ان کی باقاعدگی سے صفائی کو یقینی بنائیں۔ اس کے لئے میک اپ ریموور کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ کانوں کی بھی باقاعدگی سے صفائی کریں اور ہیڈ فون کو پہننے سے پہلے یقینی بنائیں کہ یہ مکمل طور پر خشک ہیں۔