اسلام آباد(نیوز ڈیسک) امریکی ماہرین نے اپنی تحقیق میں انکشاف کیا ہے کہ دنیا بھر میں سماجی رابطے کی مقبول ترین ویب سائٹ فیس بک پر بلا مصرف وقت گزارنے سے ڈپریشن بڑھ جاتا ہے۔امریکا کی یونیورسٹی آف مشی گن کے شعبہ نفسیات کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ایتھن کروس کی سربراہی میں کی گئی تحقیق کے دوران ماہرین نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ فیس بک استعمال کرنے والے افراد کو ویب سائیٹ پر ان کی سرگرمیوں کی مناسبت سے دو گروہوں میں تقسیم کرکے ان افراد کے رویے کا مشاہدہ کیا۔تجزیے کے دوران انکشاف ہوا کہ فیس بک پر محض خبریں اور دوسرے صارفین کا پروفائل دیکھ کر وقت صرف کرنے والے افراد میں جلن کا جذبہ دوسرے افراد کی نسبت زیادہ ہوتا ہے۔ اس کے برعکس ایسے افراد جو سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر فعال ہوتے ہیں، اپنے خیالات، تصاویر اور وڈیوز پوسٹس کرتے اور دوسروں کی پوسٹس پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہیں ان میں حسد ، جلن اور چرچڑا پن کم ہوتی ہے۔