ہوائی: امریکی صدر براک اوباما نے اپنے کھیل کے لئے امریکی فوجی جوڑے کی شادی کی تقریب برباد کرڈالی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی فوجی افسران پر مشتمل جوڑے نے اپنی شادی ریاست ہوائی کے ایک گالف کورس میں منعقد کرنے کا پروگرام بنایا سب کچھ ٹھیک ٹھاک چل رہا تھا اور مہمان بھی تقریب میں شرکت کے لئے آنا شروع ہوگئے تھے کہ اسی دوران امریکی خفیہ ایجنسیوں نے ان کے رنگ میں بھنگ ڈال دیا، انہیں بتایا گیا کہ براک اوباما گالف کورس میں گالف کھیلنے آرہے ہیں، اس لئے یا تو شادی تقریب ملتوی کرو یا پھر کہیں اور شادی کرو۔ امریکی فوجی جوڑے نے بہت منت سماجت کی لیکن ان کی ایک نہ سنی گئی، آخر کار انہیں اپنی خوشیاں امریکی صدر کے کھیل پر قربان کرنا پڑیں، وہ اسی دن رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے لیکن دوسری جگہ۔
براک اوباما کو واقعے کی جب خبر ملی تو انہوں نے خود ہی جوڑے کو فون کیا اور ان سے معافی مانگی لیکن صدر تو صدر ہوتا ہے نا پاکستان کا ہو یا امریکا کا۔ معذرت کرے یا نہ کرے ان کی مرضی اور خوشیاں قربان ہوگئیں عام آدمی کی۔