لاہور۔۔۔۔ تحریک انصاف پنجاب اسمبلی کے ارکان کے استعفوں کی تصدیق کے معاملے پر ڈیڈلاک پیدا ہوگیا۔ تحریک انصاف پنچاب کے صدر میاں محمودالرشید کی قیادت میں استعفوں کی تصدیق کے لئے پارٹی کے 30 میں سے 29 اراکین اسمبلی کے کانفرس روم میں بیٹھے رہے اس موقع پراسپیکررانا مشہود نے استعفوں کی تصدیق کے لئے پی ٹی آئی اراکین کو ایک ایک کر کے آنے کی ہدایت کی جسے میاں محمود الرشید نے مسترد کرتے ہوئے سپیکر کے پاس الگ الگ جانے سے انکارکردیا۔نماز جمعہ کے وقفہ کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ 30 میں سے 29 ارکان نے اجتماعی طور پر استعفے جمع کرادیئے ہیں اور اجتماعی طور پر ہی تصدیق کے لئے اسپیکر کے سامنے پیش ہوں گے جبکہ ایک خاتون ایم پی اے نگہت انتصار بھٹی ملک سے باہر ہیں اس لئے وہ استعفی جمع نہیں کراسکیں تاہم اسپیکر کانفرنس روم میں تمام اراکین سے استعفوں کی تصدیق کرلیں اور الگ الگ تصدیقی عمل کے لئے کوئی پیش نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے اراکین نے استعفے دیئے ہوئے ہیں اگر کسی رکن پردباؤ ہوتا تو اب تک ایسی کوئی بات سامنے ا?جاتی تاہم ہر رکن نے پارٹی پالیسی کے تحت اپنے استعفے خوش اسلوبی سے پیش کئے ہیں۔