ممبئی (این این آئی)بالی ووڈ کی متنازع اداکارہ راکھی ساونت کھل کر سیما حیدر کی حمایت میں سامنے آگئیں۔انسٹاگرام پر شیئر کی گئی اپنی تازہ ویڈیو میں راکھی نے جذباتی انداز میں اپیل کی کہ سیما حیدر کو پاکستان واپس نہ بھیجا جائے کیونکہ اب وہ بھارت کی بہو بن چکی ہیں۔راکھی ساونت نے اپنے بیان میں دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ سیما حیدر کا ماضی چاہے پاکستان سے جڑا ہو، لیکن آج وہ ایک ہندوستانی مرد کے بچے کی ماں ہے اور یہاں شادی کرچکی ہے۔
راکھی کے مطابق، کسی عورت کے ساتھ ایسا سلوک نہیں ہونا چاہیے کہ اسے زبردستی اپنے وطن واپس بھیجا جائے، خاص طور پر جب وہ نئی زندگی شروع کرچکی ہو۔اداکارہ نے کہا کہ اگر سیما نے یہاں شادی نہ کی ہوتی یا بچے کو جنم نہ دیا ہوتا تو شائد بات کچھ اور ہوتی لیکن اب جبکہ اس نے ایک ہندوستانی خاندان میں اپنی جڑیں گاڑ ھ دی ہیں، اسے نکالنا سراسر ظلم ہوگا۔ راکھی ساونت نے زور دے کر کہا کہ سیما اب مذہب بھی تبدیل کرچکی ہیں، وہ مسلمان سے ہندو بن گئی ہیں اور سچن نامی بھارتی نوجوان سے شادی رچائی ہے۔اپنے مخصوص انداز میں راکھی نے کہاکہ سیما کوئی فٹ بال نہیں ہے جسے لات مار کر باہر نکال دیا جائے، وہ ایک عورت ہے، ایک ماں ہے۔ انسانیت کے ناطے اس کے ساتھ انصاف ہونا چاہئے۔