کراچی (این این آئی)اداکارہ سلمی ظفر عاصم نے کہا ہے کہ شوہر عاصم کو دوسری لڑکیوں سے افیئرز رکھنے کے بجائے دوسری شادی کی اجازت خود دی تھی۔ نجی پوڈ کاسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ میری شادی 18سال سے بھی پہلے ہوگئی تھی، انٹر کے امتحان کا نتیجہ حتی کہ شناختی کارڈ بھی شادی کے بعد بنوایا۔ انہوں نے بتایا کہ میرے شوہر اور مجھ میں 5سال کا فرق ہے، ہماری 2بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے، درحقیقت ساس نے گھر کو لیکر چلنا سکھایا، آج جو کچھ بھی ہوں ساس کی وجہ سے ہوں۔
شوہر کی دوسری شادی کے سوال پر سلمی ظفر نے بتایا کہ جب عاصم کی دوستیوں کے قصے مجھ تک پہنچے تو شروع کے 3ماہ بہت مشکل گزرے، بھوک پیاس ختم ہوگئی لیکن اس کے بعد سسر سے گفتگو کی اور شوہر کی دوسری شادی کا فیصلہ کیا۔ اداکارہ نے بتایا کہ میں نے شوہر سے کہا کہ آپ کو دوستیوں کے بجائے نکاح کر لینا چاہئے، شوہر کی شادی کیلئے بچوں کو بھی میں نے خود منایا، عاصم کے ایک حادثے کے بعد میں نے بچوں سے کہا کہ اگر وہ اپنے والد کو قبر کی بجائے اپنے ساتھ دیکھنا چاہتے ہیں تو ان کی شادی کیلئے راضی ہو جائیں جس کے بعد بیٹے نے مجھے کہا کہ اگر میں عاصم کی شادی کے بعد نہ رئوں تو وہ راضی ہے جس کے بعد شوہر کی دوسری شادی ہوگئی۔سلمی ظفر نے بتایا کہ میں نے سوتیلے بیٹے کو بھی اپنا بیٹا سمجھ کر پیار دیا، آج میری 3نہیں 4اولادیں ہیں، بچوں میں بھی سگے بہن بھائیوں جیسی محبت ہے۔