ممبئی (این این آئی)بالی ووڈ کے امیر ترین اداکار باپ بیٹے امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن نے ممبئی کے ملنڈ ایسٹ کی ایک ہی عمارت میں 10اپارٹمنٹ خریدلئے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امیتابھ اور ابھیشیک بچن نے ملنڈ کی عالیشان عمارت ایٹرنیا میں 24کروڑ95 لاکھ بھارتی روپے میں 10اپارٹمنٹس خریدے ہیں، رئیل اسٹیٹ میں نئی سرمایہ کاری کے بعد رواں برس امیتابھ اور ابھیشیک کا پورٹ فولیو 100کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا ہوگیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملنڈ کے 10اپارٹمنٹس میں سے 6ابھیشیک اور 4امیتابھ بچن کی ملکیت ہیں، امیتابھ کی ملکیت کا ہر اپارٹمنٹ 1154.75مربع فٹ ہے جبکہ ابھیشیک کے 4اپارٹمنٹ اسی سائز کے اور باقی دو 1004.05مربع فٹ کے ہیں۔ بگ بی اور ابھیشیک نے ایٹرنیا کے سی ونگ میں 20ویں، 21ویں اور 23ویں منزل کے 10 اپارٹمنٹس خریدے ہیں جبکہ بچن خاندان کی رئیل اسٹیٹ میں ایک ساتھ بڑی سرمایہ کاری رواں ماہ 9اکتوبر کو رجسٹرڈ ہوئی ہے ۔