کراچی(این این آئی) نامورپاکستانی اداکارہ ومیزبان وینا ملک کا کہنا ہے کہ فنکار کی کوئی سرحد نہیں ہوتی لیکن بات جب پاک بھارت کی آتی ہے تو یہاں فنکاروں کی حدود ہوتی ہے۔پاکستانی اسکینڈل کوئین اداکارہ وینا ملک جہاں ماضی میں بالی ووڈ میں کام کرنے کی وجہ سے تنازعات کا شکار رہیں وہیں آج کل اپنے سیاسی خیالات کے باعث سوشل میڈیا پر کافی زیر بحث رہتی ہیں۔ بھارت میں متنازع فوٹوشوٹ کرنے سے لے کر رمضان میں پروگرام کی میزبانی کرنے تک وینا ملک کی زندگی میں کئی اتارچڑھاؤ آئے۔ حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران وینا ملک نے
اپنی زندگی کی ان باتوں کو مداحوں کے ساتھ شیئرکیا جو اس سے قبل منظر عام پر نہیں آئی تھیں۔پاک بھارت کشیدگی کے باعث فنکاروں پر لگنے والی پابندی کے حوالے سے وینا نے کہا فنکار کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، فنکار دنیا میں کہیں بھی جاسکتے ہیں، لیکن بات جب پاکستان بھارت کی آتی ہے تو یہاں فنکاروں کی حدود ہوتی ہیں کیونکہ اگر حدود نہیں ہوتی تو سرحد پار جاکر کام کرنے والے فنکاروں پر تنقید نہیں ہوتی۔ خاص طور پر جب بات مودی کی قیادت میں بھارت کے موجودہ حالات کی ہو، جہاں بھارت کی اپنی اقلیتیں بھی محفوظ نہیں۔