ممبئی(این این آئی) بالی ووڈ سپر اسٹار اجے دیوگن کا ہیلی کاپٹر تباہ ہونے کی افواہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے سپراسٹارز کی موت سے متعلق جھوٹی خبریں آئے روز سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہتی ہیں۔ ہالی ووڈ کے مشہور مزاحیہ اداکار رووان ایٹنکنس(مسٹربین)، بالی ووڈ شہنشاہ امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، مادھوری ڈکشٹ اور پاکستانی اداکار افضل خان
عرف جان ریمبو سمیت متعدد فنکار جعلی موت کی خبروں کا شکار بن چکے ہیں۔ حال ہی میں جھوٹی موت کی افواہوں کا نشانہ بنے بالی ووڈ سپر اسٹار اجے دیوگن۔بھارتی میڈیا کے مطابق پیغام رسانی کی ایپ واٹس ایپ پر ایک پیغام گردش کررہا ہے جس کے مطابق ممبئی کے جنوب میں واقع ہل اسٹیشن مہا بلیشور میں اداکار اجے دیوگن کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا۔ یہ میسیج دیکھتے ہی دیکھتے ہی وائرل ہوگیا یہاں تک کہ مہابلیشور پولیس کو سامنے آکر اس واقعے کے بارے میں وضاحت دینی پڑی۔مہابلیشور کی مقامی پولیس کے مطابق اجے دیوگن کے چارٹرڈ ہیلی کاپٹر کے کریش ہونے سے متعلق افواہوں میں سچائی نہیں جبکہ پولیس پتہ لگانے کی کوشش کررہی ہے کہ یہ پیغام سب سے پہلے کس نے بھیجا اور اس جعلی خبر کو پھیلانے کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے۔مہابلیشور کے سینئر پولیس آفیسر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اگر مہابلیشور یا آس پاس کے علاقوں میں اجے دیوگن کا ہیلی کاپٹر تباہ ہوا ہوتا تو ہمیں ضرور علم ہوتا۔ ہم نے چیک کیا ہے اور ابھی تک ہیلی کاپٹر کے کریش ہونے کی کوئی رپورٹ درج نہیں کی گئی۔ پولیس آفیسر نے مزید کہا اجے دیوگن کا ہیلی کاپٹرتباہ ہونے کا میسیج ایک ہفتے قبل پھیلایاگیا اور اتوار کے روز دوبارہ یہ خبریں گردش کرنے لگیں۔ تاہم ہم پتہ لگانے کی کوشش کررہے ہیں کہ آخر یہ میسیج کس نے پھیلایا۔واضح رہے کہ ایک ہفتے قبل واٹس ایپ پر ایک پیغام تیزی سے وائرل ہوا تھا کہ اجے دیوگن شوٹنگ ختم کرکے مہابلیشور سے واپس آرہے تھے کہ دوران پرواز پائلٹ کی موت واقع ہونے سے ان کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا۔