کراچی(این این آئی)وفاقی حکومت نے ملک کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے مزید 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تیسرا بین الاقوامی ٹینڈر جاری کردیا ہے،
جس کے تحت عالمی سپلائرز سے بولیاں طلب کرلی گئی ہیں۔ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کی جانب سے جاری ٹینڈر دستاویزات کے مطابق گندم کی درآمد کے لیے بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 نومبر مقرر کی گئی ہے، جبکہ اسی روز دوپہر ڈھائی بجے تکنیکی بولیاں کھولی جائیں گی۔ عالمی سپلائرز کے لیے کم از کم 50 ہزار میٹرک ٹن گندم کی پیشکش دینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ٹینڈر کی شرائط کے مطابق بھارت، اسرائیل اور دیگر ممنوعہ ممالک سے گندم درآمد نہیں کی جاسکے گی، جبکہ جنگ زدہ علاقوں سے گندم فراہم کرنے والی کمپنیوں کو متبادل ممالک سے سپلائی کی پیشکش بھی دینا ہوگی۔گندم کی فراہمی کے خواہشمند عالمی سپلائرز کے لیے کم از کم پانچ سال کا برآمدی تجربہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ پانچ سال کے دوران کم از کم 50 ہزار ٹن گندم برآمد کرنے کی شرط بھی عائد کی گئی ہے۔ٹینڈر دستاویزات کے مطابق درآمد کی جانے والی گندم سال 2026 کی نئی فصل کی ہونی چاہیے۔ گندم میں نمی کی زیادہ سے زیادہ شرح 14.5 فیصد، پروٹین کم از کم 10 فیصد اور ویٹ گلوٹن کی مقدار کم از کم 23 فیصد مقرر کی گئی ہے۔ مقررہ معیار پر پورا نہ اترنے والی گندم مسترد کردی جائے گی، جبکہ ٹھیکے کا فیصلہ مجموعی کم ترین لاگت کی بنیاد پر ہوگا۔
گندم کی ترسیل دو مراحل میں مکمل کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں 4 لاکھ میٹرک ٹن گندم 25 دسمبر 2026 سے 5 جنوری 2027 کے دوران پاکستان روانہ کرنا ہوگی، جبکہ مزید 4 لاکھ میٹرک ٹن گندم 6 سے 15 جنوری 2027 کے دوران روانہ کی جائے گی۔ٹینڈر کے مطابق درآمد کی جانے والی تمام 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم 15 فروری 2027 تک کراچی یا گوادر کی بندرگاہوں پر پہنچانا لازمی ہوگا۔ مقررہ مدت میں گندم کی ترسیل نہ کرنے کی صورت میں ابتدائی جرمانہ 25 امریکی سینٹ فی ٹن یومیہ مقرر کیا گیا ہے۔ٹی سی پی نے ٹینڈر میں گندم کی مقررہ مقدار میں 10 فیصد کمی یا اضافے کی گنجائش بھی رکھی ہے، جس کے تحت ضرورت کے مطابق حتمی درآمدی مقدار میں ردوبدل کیا جاسکے گا۔



















































