لاڑکانہ (این این آئی)ایک ارب 10 کروڑ روپے کی گندم خردبرد کے مبینہ الزام میں ملزمان کو جیل بھیج دیا گیا۔
لاڑکانہ میں محکمہ خوراک کے مزید 3 افسران کو جیل منتقل کر دیا گیا جن کہ گندم خردبرد کے 2 مقدمات میں ضمانتیں مسترد ہوئی ہیں۔ضمانت مسترد ہونے پر اینٹی کرپشن پولیس نے ملزمان کو جیل بھیج دیا۔ اینٹی کرپشن پولیس نے کہا کہ ملزمان پر ایک ارب 10کروڑ مالیت کی گندم غائب کرنے کا الزام ہے۔وزیر خوراک سندھ مخدوم محبوب الزمان نے محکمہ خوراک میں کرپشن اور بیضابطگیوں پر کارروائی کرتے ہوئے سرکاری گندم میں خوردبرد پر محکمہ خوراک کے افسران و اہلکاروں کو مختلف سزائیں سنا دیں،سرکاری گندم میں خوردبرد پر دو فوڈ افسران اور اہلکار ملازمت سے برطرف کر دیے گئے جب کہ سابق ڈی ایف سی تھرپارکر عبد الستار میمن کو جبری ریٹائر کر دیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق پی آر سی مٹھی کے انچارج کرشن لال کو سرکاری گندم میں خوردبرد پر برطرف کیا گیا، پی آر سی باڈھ لاڑکانہ کے انچارج عارف حسین ابڑو بھی ملازمت سے فارغ کر دیے گئے۔باردانے کی غیر قانونی تقسیم پر فوڈ سپروائزر طالب حسین چنہ کو برطرف کیا گیا اور اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر غلام فاروق کلیری کو جبری ریٹائرمنٹ کی سزا دی گئی۔اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر عبدالجبار میمن کی تین سال کے لیے عہدے پر تنزلی کی گئی ہے جب کہ ڈی ایف سی آفس تھرپارکر کے سینئر کلرک محمد اشرف آرائیں کی ایک سالانہ انکریمنٹ روک دی گئی ہے۔مخدوم محبوب الزمان نے بتایا کہ محکمہ خوراک کے ملوث اہلکاروں کے خلاف اینٹی کرپشن کارروائی ہو گی، سرکاری گندم میں خوردبرد سے ہونے والے نقصان کی رقم بھی وصول کی جائے گی، کراچی: سرکاری گندم کی غیر قانونی تقسیم اور خوردبرد میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔مخدوم محبوب الزمان نے کہا کہ محکمہ خوراک میں بے ضابطگیوں کے ذمہ داروں کا احتساب یقینی بنایا جائے گا اور سرکاری وسائل کے تحفظ اور شفافیت کے لیے احتساب کا عمل جاری رہے گا۔



















































