اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ایل پی جی کی غیرقانونی فروخت اور من مانی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے حکومت نے نئے اقدامات متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت گیس کی قیمت مقرر کرنے کا اختیار اوگرا کے بجائے ایک نئی کمپنی کو دیا جائے گا، جس میں پاکستان اسٹیٹ آئل، سوئی گیس اور دیگر آئل کمپنیاں شامل ہوں گی۔ اس کے ساتھ ہی غیرقانونی طور پر ایل پی جی فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ بھی وسیع کیا جا رہا ہے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق وزارت پیٹرولیم کا کہنا ہے کہ نئی تشکیل دی جانے والی کمپنی ہر ماہ ایل پی جی کے نرخ طے کرے گی۔ اس کے جاری کردہ قیمت نامے پر تمام ڈسٹریبیوٹرز اور دکانداروں کو عمل کرنا ہوگا۔ سرکاری نرخوں سے زیادہ قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی، تاکہ صارفین کو مہنگے داموں گیس کی فروخت روکی جا سکے۔حکومت نے ایل پی جی کی خرید و فروخت کو بھی قانونی حدود میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے ضابطوں کے مطابق صرف باقاعدہ طور پر رجسٹرڈ اور قانونی حیثیت رکھنے والے ایل پی جی پمپس اور دکانوں کو گیس فروخت کرنے کی اجازت ہوگی۔ غیرقانونی کاروبار کرنے والے افراد کے خلاف کارروائیاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔
شہریوں کو گیس سلنڈر پھٹنے جیسے خطرناک واقعات سے محفوظ رکھنے کے لیے سلنڈرز کی فراہمی کا طریقہ کار تبدیل کرنے کی تیاری بھی کی جا رہی ہے۔ مجوزہ نظام کے تحت صارفین دکان پر اپنا خالی سلنڈر جمع کروا کر منظور شدہ کمپنی کا بھرا ہوا معیاری سلنڈر حاصل کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ دو، تین اور پانچ کلو وزن کے معیاری سلنڈرز میں بھی ایل پی جی دستیاب ہوگی، جبکہ ناقص اور غیرمعیاری سلنڈرز میں گیس بھرنے پر پابندی ہوگی۔حکومت متعلقہ کمپنیوں کے اشتراک سے مارکیٹ میں کم قیمت پر معیاری سلنڈرز فراہم کرنے کا منصوبہ بھی رکھتی ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ غیرمعیاری سلنڈرز میں ایل پی جی بھرنے والے دکانداروں کی دکانیں سیل کی جا سکتی ہیں اور ان پر بھاری جرمانے بھی عائد ہوں گے۔دوسری جانب ایل پی جی ڈسٹریبیوٹرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل رانا عبدالجبار نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے حکومتی اقدامات کی حمایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسوسی ایشن اس معاملے میں حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہے، تاہم دکانداروں کو رعایتی نرخوں پر معیاری سلنڈرز فراہم کیے جانے چاہئیں تاکہ وہ صارفین کو بہتر سہولت دے سکیں۔
رانا عبدالجبار نے کہا کہ ایل پی جی ڈسٹریبیوٹرز غیرقانونی فروخت اور خراب سلنڈرز میں گیس بھرنے کے مخالف ہیں۔ ان کے مطابق حادثات کی روک تھام کے لیے حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا۔ دکانداروں کو بھی واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ ناقص سلنڈرز میں گیس نہ بھری جائے اور اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کا ایسوسی ایشن دفاع نہیں کرے گی۔انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ کارروائیوں کے دوران ضبط کیے جانے والے ایل پی جی پمپس اور دیگر آلات کو تلف کرنے کے بجائے متعلقہ دکانداروں کو جرمانہ وصول کرکے واپس کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ متعدد چھوٹے کاروباری افراد نے یہ مشینری اقساط پر خرید رکھی ہے، لہٰذا آلات واپس ملنے سے انہیں مالی نقصان اور کاروباری مشکلات سے بچایا جا سکتا ہے۔



















































