اسلام آباد (نیوز ڈیسک)راولپنڈی میں خواتین کو کاروبار اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے لیاقت روڈ پر خصوصی پنک ریڑھی بازار قائم کر دیا گیا ہے،
جہاں خواتین اپنی تیار کردہ اشیاء سمیت مختلف مصنوعات فروخت کر سکیں گی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت خواتین کو معاشی طور پر مستحکم اور خودمختار بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ راولپنڈی نے یہ اقدام اٹھایا ہے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر قائم کیے گئے اس بازار کا مقصد خواتین کو محفوظ اور بہتر ماحول میں کاروبار کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
پنک بازار میں خواتین کو اپنی دستکاری، گھریلو تیار کردہ مصنوعات اور دیگر اشیاء فروخت کرنے کا موقع ملے گا، جس سے نہ صرف انہیں باعزت روزگار حاصل کرنے میں مدد ملے گی بلکہ وہ اپنی آمدنی میں بھی اضافہ کر سکیں گی۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق خواتین کی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور انہیں سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے مزید سہولیات کی فراہمی پر بھی کام کیا جا رہا ہے تاکہ وہ معاشی خودمختاری کی جانب پیش رفت کر سکیں۔



















































