لاہور( این این آئی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون سکیموں کے تحت ذاتی قرضوں کی حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر
ڈھائی کروڑ روپے کرتے ہوئے ہدایت کی کہ قرضوں کی فراہمی کے پروگرام میں خواتین کے لیے 30 فیصد قرضے مختص کیے جائیں تاکہ انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے اور کاروباری سرگرمیوں میں ان کی شمولیت بڑھانے کے مواقع میسر آئیں۔وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم یوتھ بزنس لون اسکیم اور وزیراعظم یوتھ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی اور اسکیموں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ نوجوانان رانا مشہود احمد خان اور وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی امور طلحہ برکی نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں سال ان اسکیموں کے تحت نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی کے لیے مجموعی طور پر 292 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔وزیراعظم نے نوجوانوں کے لیے کاروباری اور زرعی سرگرمیوں میں مالی معاونت کے موثر انتظامات پر وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔اجلاس میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے، کاروبار کے مواقع فراہم کرنے اور زرعی شعبے میں ان کی شمولیت بڑھانے کے حوالے سے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم نے نوجوانوں کے لیے قرض حاصل کرنے کی کم از کم عمر کی حد 21 سال سے کم کرکے 18 سال کرنے کی ہدایت کی تاکہ نوجوانوں کو کم عمری میں ہی کاروبار شروع کرنے اور زرعی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی نوجوانوں کو کاروبار کے آغاز، رہنمائی، کاروباری مشاورت اور تکنیکی معاونت سمیت اسکیم کے تحت ہر ممکن معاونت فراہم کرے۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو نوجوانوں میں ان اسکیموں، دستیاب مواقع اور حکومتی اقدامات سے متعلق ملک گیر سطح پر وسیع پیمانے پر آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے، ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور انہیں باعزت و پیداواری روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اجلاس می بتایا گیا کہ جنوری 2023 سے لے کر اب تک 581341 نوجوانوں کو قرضہ فراہم کیا گیا ہے ، جو کہ اس سے پچھلے دس سال کی نسبت 10 گنا زیادہ ہے،اس دوران 313.9 ارب کے قرضہ جات دیئے جاچکے ہیں،2026-27 کے دوران 266700 نوجوانوں کو 292 بلین قرضہ دینے کا تخمینہ ہے۔



















































