اسلام آباد (نیوز ڈیسک)ایس بینک کے ڈیجیٹل بینکاری پلیٹ فارم زندگی نے بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں کے لیے اکاؤنٹ کھولنے کی سہولت متعارف کرا دی ہے،
جس کے تحت اہل افراد پاکستانی موبائل نمبر یا بینک برانچ کا رخ کیے بغیر پاکستان میں اپنا ڈیجیٹل بینک اکاؤنٹ کھولنے کے ساتھ اسے استعمال بھی کرسکیں گے۔زندگی اوورسیز اکاؤنٹس کے نام سے شروع کی گئی اس سہولت کے ذریعے صارفین اپنے غیر ملکی واٹس ایپ نمبر سے رجسٹریشن مکمل کرکے آئی بین (IBAN) کی حامل باقاعدہ بینکنگ سہولت حاصل کرسکیں گے۔اس ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی مدد سے بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے اہل خانہ کو رقوم بھیجنے، یوٹیلیٹی بلز ادا کرنے اور پاکستان کے اندر رقم کی منتقلی سمیت دیگر مالی امور بھی موبائل ایپ کے ذریعے انجام دے سکیں گے۔
یہ سہولت ان پاکستانی شہریوں کے لیے دستیاب ہوگی جن کے پاس پاکستان اوریجن کارڈ، نائیکوپ یا کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ موجود ہے۔ صارفین مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت دستیاب نان ریزیڈنٹ اکاؤنٹس کی مختلف اقسام میں سے اپنی ضرورت کے مطابق انتخاب کرسکیں گے۔زندگی کے شریک بانی اور چیف آفیسر نعمان اظہر کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بینکاری کے عمل کو سہل بنانا اور انہیں مالی معاملات کے ذریعے اپنے ملک سے جڑے رہنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔



















































