اسلام آباد(نیوز ڈیسک)عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی،
امریکی اور برطانوی بینچ مارک دونوں کے نرخ نیچے آگئے۔24 نیوز کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی سے متعلق بیانات کے بعد عالمی آئل مارکیٹ میں مسلسل اتار چڑھاؤ دیکھا جارہا ہے، جس کے نتیجے میں امریکی خام تیل کی قیمت 3.68 فیصد کم ہوگئی۔رپورٹ کے مطابق امریکی خام تیل 3.42 ڈالر کی کمی کے بعد 89.45 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگیا ہے۔
دوسری جانب لندن برینٹ آئل کی قیمت میں بھی کمی ہوئی۔ برینٹ خام تیل 2.51 فیصد سستا ہونے کے بعد 2.57 ڈالر کی کمی کے ساتھ 99.74 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہورہا ہے۔ذرائع کے مطابق ایندھن کی سپلائی چین بحال ہونے کی توقعات کے باعث خام تیل کے مستقبل کے سودوں میں فروخت کا دباؤ بڑھ گیا ہے، جس سے قیمتوں میں کمی دیکھی جارہی ہے۔



















































