اسلام آباد(نیوز ڈیسک)نادرا نے شہریوں کو گھر بیٹھے ڈیجیٹل شناختی کارڈ حاصل کرنے کا طریقہ بتاتے ہوئے پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے سہولت استعمال کرنے کی ہدایت کردی۔
نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے مطابق ڈیجیٹل شناختی کارڈ حاصل کرنے کے لیے شہری پاک آئی ڈی موبائل ایپ پر اپنے اکاؤنٹ میں لاگ اِن کرکے ’ڈیجیٹل آئی ڈی‘ کا آپشن منتخب کریں۔اتھارٹی کا کہنا ہے کہ درخواست گزار کی معلومات اس کے تصدیق شدہ پروفائل کی بنیاد پر پراسیس ہوں گی، جس کے بعد ڈیجیٹل شناختی کارڈ ’آئی ڈی والٹ‘ میں دستیاب ہوجائے گا۔ ڈیجیٹل آئی ڈی کے اجرا کے لیے شناخت اور بائیومیٹرک تصدیق مکمل کرنا ضروری ہے۔نادرا کے مطابق پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے نئے ورژن 5.8.0 میں شہری اپنے ڈیجیٹل شناختی کارڈ کے علاوہ شریک حیات اور اہل بچوں کے ڈیجیٹل شناختی کارڈ بھی حاصل، محفوظ اور ضرورت کے مطابق شیئر کرسکتے ہیں۔
ب فارم یا شناختی کارڈ منسوخی سرٹیفکیٹ کی تصدیق کے لیے بھی ایپ میں سہولت فراہم کی گئی ہے۔ صارف ’کیو آر کوڈ اسکین کریں‘ کے آپشن کے ذریعے ڈیجیٹل کیو آر کوڈ اسکین کرکے متعلقہ تصدیق شدہ معلومات دیکھ سکتا ہے۔نادرا کے مطابق پاک آئی ڈی ایپ کے تازہ ورژن میں حج اور عمرہ کے لیے درکار انفلوئنزا اور گردن توڑ بخار کی ویکسینز کی بائیومیٹرک تصدیق کا عمل بھی مزید آسان بنا دیا گیا ہے۔



















































