اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاور ڈویژن کے مطابق نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ میں منتقلی کے لیے مجموعی طور پر 16 ہزار 654 درخواستیں زیرِ التوا تھیں۔
ان درخواستوں کے سلسلے میں پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی نے 11 ہزار 695 صارفین سے ایس ایم ایس اور واٹس ایپ کے ذریعے براہِ راست رابطہ کیا۔حکام کا کہنا ہے کہ درخواست کی پیش رفت معلوم کرنے کے لیے صارفین کو اب متعلقہ دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ آن لائن پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے درخواست کی موجودہ صورتحال معلوم کی جاسکتی ہے، جس کا مقصد پورے عمل کو آسان، تیز اور شفاف بنانا ہے۔پاور ڈویژن کے ترجمان نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ درخواست جلد منظور یا پراسیس کروانے کے نام پر کسی فرد کو رقم ادا نہ کریں۔ ترجمان کے مطابق صارفین سے براہِ راست رابطے کا مقصد انہیں ایجنٹوں اور غیر ضروری مداخلت سے محفوظ رکھنا ہے۔
حکام کے مطابق درخواستوں کی جانچ پڑتال کا مقصد حقیقی صارفین کے حقوق کا تحفظ کرنے کے ساتھ غیر قانونی کنکشنز کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔ اس عمل کے ذریعے توانائی کے نظام میں شفافیت برقرار رکھنے اور جائز صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے پر توجہ دی جارہی ہے۔وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ حکومت سولر اور دیگر قابلِ تجدید توانائی کے ذرائع کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ ان کے مطابق حکومت سولرائزیشن کی حوصلہ شکنی نہیں کرنا چاہتی بلکہ ایسا شفاف اور پائیدار نظام قائم کرنا چاہتی ہے جس سے صارفین کے حقوق بھی محفوظ رہیں۔اویس لغاری نے مزید کہا کہ قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں بہتر اور مؤثر نظام کے ذریعے عوام کو متبادل توانائی کے ذرائع کی سہولت دینے کے ساتھ ساتھ صارفین کے مفادات کا بھی تحفظ کیا جاسکتا ہے۔



















































