اسلام آباد (نیوز ڈیسک)متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا وزٹ ویزا حاصل کرکے جانے والے پاکستانی شہریوں کو قوانین کی خلاف ورزی سے بچنے کے لیے اہم ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ اسلام آباد کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں یو اے ای میں موجود پاکستانیوں اور وہاں سفر کرنے والے شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اماراتی قوانین کی مکمل پاسداری کریں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں۔
ہدایت نامے کے مطابق وزٹ ویزے پر متحدہ عرب امارات میں ملازمت یا کسی بھی قسم کا کام کرنا قانوناً ممنوع ہے۔ شہریوں کو یہ بھی تاکید کی گئی ہے کہ ویزے کی میعاد ختم ہونے سے پہلے اس کی تجدید کرائیں، بصورت دیگر غیر قانونی قیام یا کام کرنے پر قانونی کارروائی اور دیگر مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
بیورو نے پاکستانی شہریوں کو سوشل میڈیا کے استعمال میں بھی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ حکومت، ملکی ثقافت یا حساس معاملات سے متعلق قابل اعتراض مواد شیئر کرنے سے اجتناب کیا جائے۔ اسی طرح اہم یا حساس مقامات کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے سے قبل متعلقہ حکام سے اجازت لینا ضروری ہے۔
کسی تنازع یا اختلاف کی صورت میں شہریوں کو خود قانون ہاتھ میں لینے کے بجائے پولیس سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ غیر قانونی احتجاج یا مظاہروں میں شرکت سے بھی مکمل طور پر گریز کرنے کا کہا گیا ہے۔
ہدایت نامے میں خواتین کے احترام کو بھی خصوصی اہمیت دی گئی ہے اور پاکستانی شہریوں کو خواتین کو ہراساں کرنے سے باز رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ میں خواتین کے لیے مخصوص نشستوں اور جگہوں کے استعمال سے متعلق قوانین کی پابندی کرنے کی ہدایت بھی شامل ہے۔
مزید برآں پاکستانی شہریوں کو غیر قانونی ملازمت یا کسی دوسرے غیر قانونی کام سے دور رہنے، ویزا قوانین پر عمل کرنے اور ممنوعہ ادویات متحدہ عرب امارات لے جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بیورو کے مطابق اماراتی قوانین کی پابندی نہ صرف شہریوں کو قانونی مشکلات سے محفوظ رکھ سکتی ہے بلکہ بیرون ملک ان کے مستقبل اور سفری معاملات کو بھی بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔



















































