لاہور( این این آئی)چین میں گزشتہ سال پاکستانی چلغوزے کے لیے بیجنگ بدستور سب سے بڑی منڈی رہا ۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق2025 میں بیجنگ نے پاکستان سے 7 لاکھ 58 ہزار کلوگرام سے زائد چلغوزے درآمد کیے جن کی مالیت 1 کروڑ 17 لاکھ 20 ہزار ڈالر رہی، جو چین کے دیگر تمام علاقوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔دیگر علاقوں میں بھی نمایاں درآمدات ریکارڈ کی گئیں جن میں ساحلی صوبہ ژیجیانگ شامل ہے جہاں مجموعی طور پر 3 لاکھ 79 ہزار کلوگرام چلغوزے درآمد کیے گئے جن کی مالیت تقریباً 59 لاکھ 50 ہزار ڈالر تھی۔
اس کے بعد شنگھائی رہا جہاں 8,720 کلوگرام چلغوزے درآمد ہوئے جن کی مالیت 1 لاکھ 66 ہزار 310 ڈالر تھی، سنکیانگ اویغور خودمختار علاقے میں نسبتاًکم مقدار میں درآمدات ہوئیں، اگرچہ چین بھر میں طلب میں تنوع پیدا ہو رہا ہے تاہم مقدار اور مالیت دونوں کے لحاظ سے بیجنگ کی برتری واضح ہے۔پاکستانی چلغوزے کی مقبولیت حال ہی میں بیجنگ میں منعقد ہونے والے نیو ایئر گڈ فیئر کے دوران بھی نمایاں رہی،چینی نئے سال کی خریداری کے موسم کے ساتھ منعقد ہونے والے اس میلے میں پاکستانی چلغوزے چینی صارفین کی خصوصی توجہ کا مرکز رہے، جہاں خریداروں نے ان کے ذائقے، معیار اور صحت بخش خصوصیات کو سراہا اور انہیں تہواروں کے لیے لازمی خرید قرار دیا۔















































